عالمی برادری کو متحرک عناصر کے عزائم کا نوٹس لینا ہو گا،شاہ محمود قریشی

600

اسلام آباد:وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی   کا کہنا ہے کہ عالمی برادری کو خطے میں عدم استحکام کے لیے متحرک عناصر کے عزائم کا نوٹس لینا ہو گا۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ملک میں ایسی قوتیں موجود ہیں جو پاکستان کو مستحکم دیکھنا نہیں چاہتیں اور مختلف طریقوں سے پاکستان کو نقصان پہنچانے کے لیے سرگرم ہیں، کبھی یہ قوتیں فرقہ واریت کو ہوا دیتی ہیں کبھی دہشت گردی کی آڑ لیتی ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی عناصر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری بدترین کرفیو سے توجہ ہٹانے کے لیے لائن آف کنٹرول ( ایل او سی)کی خلاف ورزیاں کرتے ہیں، پاکستان عالمی برادری کو متعدد بار آگاہ کر چکا ہے کہ بھارت جھوٹے فلیگ آپریشنز کے لیے کسی بہانے کی تلاش میں ہے، عالمی برادری کو ان حالات کا نوٹس لینا چاہیے۔

شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان نے اپنے قبائلی علاقوں کو جس طرح دہشت گردوں سے پاک کیا ہے اسے دنیا جانتی ہے، پاکستان نے اندرونی محاذ پر جو اقدامات کیے ہیں اس کی نظیر نہیں ملتی،پاکستان نے منی لانڈرنگ اور ٹیرر فنانسنگ سے نمٹنے کے لیے متعدد اقدامات کیے ہیں۔