چیف جسٹس کا مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ عوام کے دل کی آواز ہے، اسمال ٹریڈرز

139

کراچی(نمائندہ جسارت)صدر آل پاکستان آرگنائزیشن آف اسمال ٹریڈرز اینڈ کاٹیج انڈسٹریز کراچی کے صدر محمود حامد، سینئر نائب صدر سید لیاقت علی ‘ جاوید حاجی عبداللہ نوید احمد اور جنرل سیکرٹری عثمان شریف نے اپنے مشترکہ بیان میں چیف جسٹس آف پاکستان کی جانب سے مارکیٹیں پورے ہفتے بلا ناغہ کھولنے کے فیصلے پر خوشی اور مسرت کا اظہار کیا ہے اور اس فیصلے کو عوام کی امنگوں کے مطابق اور ان کے دل کی آواز قراردیا ہے، پورے ہفتے مارکیٹیں کھلی رکھنے کا عدالت عظمی کا حکم غریب عوام اور تاجروں کی فتح ہے ، انہوں نے مطالبہ کیا کہ حکومت عید تک مارکیٹوں کے اوقات کار رات 2 بجے تک بڑھائے، چیف جسٹس نے عید کے نزدیک جرأتمندانہ فیصلہ دے کر غریب عوام اور تاجروں کو بڑی ریلیف فراہم کی ہے جس پر ہم ان کے بے حد شکر گزار ہیں ،عدالت عظمی کے اس فیصلے کے نتیجے میں عوام کو عید کی خریداری میں آسانی فراہم ہوجائے گی نیز بند شاپنگ مال کھلنے سے مارکیٹوں کا رش بھی بٹ جائے گا اس طرح (سوشل ڈسٹنسنگ) سماجی فاصلوں کو مارکیٹوں میں برقرار رکھ کر ایس او پیز کی پابندی آسان ہوجائے گی۔ تاجر رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ چیف جسٹس ایس اوپیز کی خلاف ورزی پر 10 لاکھ روپے جرمانے کے ظالمانہ قانون کو بھی منسوخ کریں، تاجروں نے 2 ماہ بعد اپنی مارکیٹوں کو کھولا ہے، ابھی ان کا کاروبار شروع ہوا ہے، بہت سے تاجر اس 2 ماہ کے لاک ڈاؤن کے نتیجے میں دیوالیہ ہوچکے ہیں، ایسی صورتحال میں وہ10 ، 10لاکھ روپے جرمانہ کہاں سے ادا کریں گے؟ اس قانون کی آڑ میں تاجرو ں سے رشوت ستانی کا نیا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ بندہے اس لیے ڈبل سواری پر پابندی ختم کی جائے کہ عوام کو عید کی خریداری کرنے میں کچھ سہولت فراہم ہو۔