سکھر (نمائندہ جسارت ) الخدمت فاؤنڈیشن سکھر کی جانب سے راشن کی تقسیم کے چوتھے مرحلے کا آغاز، رمضان المبارک کے آخری عشرے میں تحفہ عید پروگرام کے عنوان سے راشن کی تقسیم کیلیے تیاری مکمل کرلی گئی ہے۔ الخدمت فاؤنڈیشن سکھر کے سرپرست اور امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ نے چوتھے مرحلے کا گزشتہ روز باقاعدہ آغاز کردیا، جماعت اسلامی کے فلاحی ادارے الخدمت فاؤنڈیشن کی جانب سے پہلے اور دوسرے مرحلے میں 2 ہزار سے زائد خاندانوں تک راشن پہنچایا گیا تھا جبکہ رمضان کے آغاز سے پہلے 10 ہزار سفید پوش اور مستحق خاندانوں تک رمضان راشن پیکیج پہنچانے کا ہدف مقرر کیا گیا تھا۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن اور جماعت اسلامی کے کارکنان 22 مارچ سے انتھک جدوجہد کررہے ہیں۔ ہزاروں خاندانوں تک راشن پہنچایا جارہا ہے۔ ہزاروں خاندانوں تک مفت سبزی پہنچائی جارہی ہے۔ ہزاروں خاندانوں تک روزانہ افطار پہنچایا جارہا ہے۔ الخدمت رضاکار روزانہ کی بنیاد پر مساجد اور عبادت گاہوں میں کورونا سے بچاؤ کیلیے اسپرے کررہے ہیں۔ عوامی مقامات پر ماسک اور سینی ٹائزر تقسیم کیے جارہے ہیں۔ سکھر اور گردونواح میں ڈاکٹرز اور پیرا میڈیکل اسٹاف میں حفاظتی لباس تقسیم کیے جارہے ہیں اور یہ تمام کام الخدمت کی ٹیم کسی قسم کے حکومتی وسائل کے بغیر بلا تفریق سرانجام دے رہی ہے۔ سکھر کے عوام شدید ذہنی کرب سے دوچار ہیں، زندگی گزارنا اجیرن ہوتا چلاجارہا ہے۔ عوام اپنے گمشدہ منتخب نمائندوں کی تلاش میں ہے جو ڈھونڈے سے نہیں مل پارہے لیکن ہم انہیں یقین دلاتے ہیں کہ جماعت اسلامی سکھر کے عوام کو لاوارث نہیں چھوڑے گی۔ جماعت اسلامی اور الخدمت کی ٹیم اپنے تمام وسائل کو بروئے کار لا کر عوامی خدمت کا کام جاری رکھے گی۔ اس موقع پر انہوں نے سکھر کے اہل خیر اور تاجر برادری کا بھی شکریہ ادا کیا جن کے تعاون سے الخدمت مسلسل سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔