اسد عمر‘ عمران اسماعیل وڈیو لنک اجلاس‘ نئے ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ

258

کراچی(اسٹاف رپورٹر)گورنر سندھ عمران اسماعیل نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقیات اسد عمر کے ساتھ وڈیو لنک کے ذریعے منعقدہ اجلاس میں آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ۔ اجلاس میں پبلک سیکٹر ڈویلپمنٹ پروگرام 21-2020 کے لیے صوبہ کے مختلف ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ اور وفاق کے تحت صوبہ میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی جلد تکمیل کے لیے اٹھائے گئے اقدامات پر غور کیا گیا جبکہ اجلاس میں کراچی ،حیدرآباد اورتھرپارکر کے ترقیاتی منصوبوں پر بھی تفصیلی بات چیت کی گئی ۔اس موقع پر گورنرسندھ کے مشیر امید علی جونیجو بھی موجود تھے۔ اجلاس میں سندھ انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ کمیٹی لمیٹڈ کے سی ای او صالح فاروقی نے جاری منصوبوں کی پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے گورنرسندھ عمران اسماعیل نے کہا کہ وفاقی حکومت مالی مشکلات کے باوجود صوبہ کی ترقیاتی ضروریات کو پورا کرنے کیلیے پرعزم ہے، صوبہ میں سہولیات کے بنیادی ڈھانچہ کو بہتر بنانے کے لیے وفاقی حکومت کا تعاون لائق تحسین ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وفاقی حکومت کی جانب سے کراچی کے ضلع وسطی میں سخی حسن ، فائیو اسٹار اور کے ڈی اے چورنگیوں پر تین پلوں کی تعمیر سے ٹریفک کی روانی کو بہتر بنانے میں مدد ملی ہے جبکہ نشتر روڈ اور منگھو پیر روڈ کی مرمت اور تعمیرنو کے منصوبوں سے بھی عوام کو بہتر سفری سہولت فراہم ہوگی۔