سکھر، صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر لگ گئے

236

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میونسپل کارپوریشن کے صفائی ستھرائی کے لیے کیے جانے والے بلند وبانگ دعوے بے سود ثابت ہورہے ہیں، شہر کے تجارتی، کاروباری و رہائشی علاقوں میں صفائی ستھرائی نہ ہونے کی وجہ سے گندگی کے ڈھیر لگ گئے گندگی سے اٹھنے والے تعفن کی وجہ سے بیماریاں جنم لے رہی ہیں جس سے شہریوں کو شدید پریشانی کاسامنا ہے شہریوں نے شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات پر بلدیہ سکھر کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ رمضان المبارک کے مقدس ایام میں تو صفائی نہیں ہوسکی، لگتا ہے ہمیں عید بھی گندگی میں گزارنی پڑے گی۔ میئر سکھر و دیگر افسران دعوے تو کرتے ہیں لیکن اس پر عملدرآمد نہیں کراسکتے، جس کی وجہ سے صفائی کا عملہ من مانیوں میں مصروف دکھائی دیتا ہے، شہر کی شاہراہیں تو صاف کی جارہی ہیں لیکن گلیوں، محلوں میں گٹر اور نالیوں کی صفائی نہیں ہورہی۔ شہریوں کا چیف جسٹس، وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات، کمشنر سکھر، میئر سکھر و دیگر بالا حکام سے سکھر شہر میں صفائی ستھرائی کے ناقص انتظامات کا نوٹس لینے کا مطالبہ۔