سکھر، ایک کمرے کے گھر کا لاکھوں روپے کا بجلی کا بل بنا دیا گیا

490

سکھر (نمائندہ جسارت) سیپکو سب ڈویژن فور کی من مانیاں انتہا کو پہنچ گئیں، ایک کمرے کے گھر کے مالک کو رواں ماہ سات سو روپے کے بل کے بجائے سیپکو سب ڈویژن فور کے اہلکاروں نے ایک لاکھ روپے کا ہاتھ سے تیار کردہ بل تھما دیا، بل تھمانے کے بعد مالک مکان پر لین دین کرنے کا دبائو، لین دین نہ کرنے کی صورت میں مزید بل بھیجنے کی دھمکیاں۔ ایک کمرے کے گھر میں نہ تو اے سی ہے، نہ ہی فرج ہے، پھر بھی سیپکو اہلکاروں نے من مانیاں کرتے ہوئے ایک لاکھ روپے کا بل دے دیا ہے۔ اس سلسلے میں آدم شاہ کالونی کے رہائشی مالک مکان محمد اسحاق نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ میں ایک کمرے کے گھر میں کرایے پر رہائش پذیر ہوں میرے گھر میں نہ تو فرج ہے، نہ روم کولر اور نہ ہی اے سی جس کے بعد میرا ماہانہ بجلی کا بل چار سو سے سات سو روپے تک کا آتا ہے لیکن سیپکو سب ڈویژن فور کے اہلکاروں کی جانب سے رواں ماہ کے سات سو کے بل کے بجائے ایک لاکھ روپے کا بل بناکر دے دیا ہے۔ محمد اسحاق نے کہا کہ سیپکو اہلکاروں کی جانب سے بل دینے کے بعد لین دین کی متعدد بار بات کی گئی ہے، لین دین نہ کرنے کی صورت میں سیپکو اہلکار مزید بل بھیجنے کی دھمکیاں دے رہے ہیں۔ محمد اسحاق نے سیپکو سی ای او سے مطالبہ کیا ہے کہ سیپکو سب ڈویژن فور کے اہلکاروں کی من مانیوں کا نوٹس لیتے ہوئے ایک لاکھ روپے کا بل ختم کیا جائے۔