شہباز شریف نے ملازمین کے نام پر درجنوں کمپنیاں بنائیں،شہزاد اکبر

128

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے احتساب شہزاد اکبر نے کہا ہے کہ شہباز شریف نے اپنے ملازموں کے نام پر بے شمار جعلی کمپنیاں بنائی ہوئی تھیں، ان کمپنیوں کو منی لانڈرنگ کے لیے استعمال کیا جاتا تھا، ان کی پارٹی کے مختلف سیاسی رہنمائوں اور بلڈرز نے کروڑوں روپے ان جعلی کمپنیوں کے اکائونٹس میں منتقل کیے، شہباز شریف اب لندن بھاگنے کے بجائے عدالتوں کا سامنا کریں اور میرے 10 سوالوں کا جواب دیں۔ بدھ کو اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ شہباز شریف 10 سال تک متواتر پنجاب کے وزیراعلیٰ رہے، وزارت اعلیٰ کے دوران ان کے کاروباری اثاثہ جات (شوگر ملوں، پاور پلانٹ، ڈیری، ایگری فارم اور پولٹری) میں ہوشربا اضافہ پر نیب نے تحقیقات کیں، جس میں یہ بات بات سامنے آ ئی کہ شہبازشریف نے 2008ء میں اقتدار میں آنے کے بعد فوراً برطانیہ اور متحدہ عرب امارات سے اپنے اہلخانہ کے اکائونٹ میں تقریباً 3 ارب روپے جعلی ٹی ٹی لگوا کر منتقل کیے، یہ جعلی ٹی ٹی جن عام پاکستانیوں کے نام سے لگوائیں ان میں سے بیشتر انتہائی غریب ہیں اور کبھی بیرون ملک جانے کا تصور بھی نہیں کر سکتے۔ان کامزید کہنا تھا کہ شہباز شریف عجیب وغریب فرمودات سے لوگوں کو گمراہ کر رہے ہیں، ان کے خلاف جوشواہد ہیں ان سے بچنا آسان نہیں ہے۔