خورشید شاہ و اہلخانہ کی ضمانت منسوخی کیلیے نیب کا عدالت عظمیٰ سے رجوع

130

اسلام آباد (آن لائن)نیب نے آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں خورشید شاہ کے اہلخانہ، صوبائی وزیرسید اویس قادر شاہ سمیت دیگر ملزمان کی ضمانت منسوخی کیلیے عدالت عظمیٰ سے رجوع کر لیا۔ درخواست میں استدعا کی ہے کہ سندھ ہائی کورٹ نے حقائق کا درست جائزہ نہیں لیا، 22اپریل کا فیصلہ کالعدم قرار دیا۔نیب کی طرف سے عدالت عظمیٰ میں دائر کی گئی اپیل میں خورشیدشاہ کی 2بیویوں بی بی گل ناز،بی بی طلعت ،بیٹے زیرک شاہ، خالہ زاد بھائی رحیم بخش اعوان، صوبائی وزیراویس قادرشاہ، ٹھیکیدار عبدالرزاق اور محمد اکرم کی ضمانت کا فیصلہ چیلنج کرتے ہوئے ضمانتیں منسوخ کرنے کی استدعا کی ہے۔اپیل میں کہاگیا ہے کہ عدالت عالیہ سندھ نے ملزمان کیخلاف شواہد اورعدالت عظمیٰ کے وضع کردہ اصولوں کو نظرانداز کیا ۔خورشید شاہ نے 2005ء سے 2019ء تک آمدن سے 71کروڑ روپے سے زاید خرچ کیے۔ خورشید شاہ اور انکے اہلخانہ بینک اکائونٹس میں موجود 84 ہزار امریکی ڈالرزاور 37کروڑ سے زاید روپے کا حساب نہیں دے سکے۔