سکھر( نمائندہ جسارت) پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی کال پر13مئی یوم عزم کے موقع پر سکھر ریجن کے مختلف اضلاع میں صحافیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے۔پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کی جانب سے 13 مئی 1978ء کو ضیاء الحق کے مارشل لا کے دور میں صحافیوں کو کوڑے مارنے کی دی گئی سزا کے دن کو یوم عزم کے طور پر منانے کے اعلان پر سکھر یونین آف جرنلسٹس کے زیر اہتمام سکھر ریجن کے مختلف شہروں گھوٹکی،خیرپور، پنوعاقل، روہڑی، کندھرا، صالح پٹ،گمبٹ،نوشہروفیروز ، کمب، شکارپور ،جیکب آباد ، کشموراورکندھکوٹ میں صحافیوں کی جانب سے احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ سکھر پریس کلب میں پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس کے نائب صدر لالا اسد پٹھان کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس میں ممبران ایف ای سی آصف ظہیر خان لودھی ،امداد بوزدار سکھر پریس کلب کے صدر نصراللہ وسیر ،جنرل سیکرٹری یاسر فاروقی سکھر یونین آف جرنلسٹس کے صدر سلیم سہتو، جنرل سیکرٹری جاوید جتوئی سیفما کے مرکزی عہدیدار لالا شہباز پٹھان سمیت صحافیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔اس موقع پر صحافی رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ضیا الحق نے طاقت کے زور پر ملک میں جمہوریت کی بساط لپیٹی اور اظہار رائے کی آزادی کو دبانا چاہا اسی سلسلے میں آمر حکمران نے 13 مئی 1978ء کو صحافیوں کو کوڑے مارنے کی سزا دی۔ صحافیوں کو ملنے والی اس سزا نے ملک میں جمہوریت کی بحالی کیلیے چلنے والی تحریک کی شروعات کی صحافی ڈکٹیٹرضیا الحق کے سامنے ڈٹ کر کھڑے ہوگئے اس وقت بھی پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس اور اس کی ذیلی تنظیمیں ملک میں جمہوریت کے استحکام اور اظہار رائے کی آزادی کیلیے ہر وقت کوشاں ہیں جبکہ آمریت اور غیر جمہوری قوتوں کے خلاف سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑی ہوئی ہیں۔