اسلام آباد( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں پرتگال کے سفیر پائولونیوس پوسینہو paulo neves pocinho سے ملاقات کی ہے ۔پرتگال کے سفارت خانے میں ہونے والی ملاقات میں کورونا وائر س کی وجہ سے ہونے والی اموات پر اظہار افسوس کیااورمرنے والوں کے لواحقین سے گہری ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا گیا۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اور پرتگال کے عوام کے باہمی روابط بہتر بنانے کی ضرورت ہے ۔دونوں ملکوں کے عوام کے باہمی میل جول سے تعلیم ،صحت ،روز گار اور دیگر اہم شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھلیں گی۔ملاقات میں مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا گیا اور اس بات پر اتفاق ہوا کہ کشمیر سے لاک ڈائون کا فوری خاتمہ ہونا چاہئے ۔سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر پر کئی دہائیوں سے حل طلب ہے ،اب بھارتی فوج کورونا کو بھی کشمیریوں کے خلاف ہتھیار کے طور پر استعمال کررہی ہے ۔یورپی یونین کو مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے اپنا کردارادا کرنا چاہئے ،ہم چاہتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر یورپین یونین کے ذریعے اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل ہو۔دونوں رہنمائوں نے اس امر پر اتفاق کیا کہ مسئلہ کشمیر حل اور انسانی حقوق کی پامالی کا خاتمہ ہونا چاہئے ۔ملاقات میں قائم مقام ڈائریکٹر امور خارجہ جماعت اسلامی عبد القدوس منہاس بھی موجود تھے۔