اسلام آباد ہائیکورٹ : اکرم درانی کی عبوری ضمانت میں 4جون تک توسیع

396

اسلام آباد( آن لائن )اسلام آباد ہائیکورٹ نے غیر قانونی بھرتیوں اور الاٹمنٹس کیس میں اپوزیشن لیڈر خیبر پختونخوا اسمبلی اکرم درانی کی عبوری ضمانت میں 4 جون تک توسیع کر دی ۔اسلام آباد ہائیکورٹ کا اکرم درانی کے معاملے پر نیا بنچ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ نیب کی جانب سے کیس کے تفتیشی افسر تبدیل کرتے ہوئے العزیزیہ کیس کی تفتیش کرنے والے محبوب عالم نئے تفتیشی مقرر۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کا تفتیشی افسر کی تبدیلی پر نیب پر اظہار برہمی ۔دوران سماعت عدالت نے ریمارکس کہ نیب تفتیشی افسر کو تبدیل کر کے یہ تسلیم کر رہا ہے کہ ججوں کے نام شامل کرنا غلطی تھی؟ صرف تفتیشی افسر تبدیل کر کے کیا تاثر دیا جا رہا ہے، تفتیشی کوئی اپنی مرضی سے الگ کام کر رہا تھا؟ چیف جسٹس، جسٹس اطہر من اللہ نے دوران سماعت ریمارکس دیے کہ تفتیشی افسر تو وہی کام کرتا ہے جو اس کو نیب کی جانب سے دیا جاتا ہے۔ اس موقع پر جسٹس گل اورنگزیب نے ریمارکس دیے کہ نیب نے الاٹمنٹ فہرست میں ججوں کے نام شامل کر کے اس کیس کو متنازع بنایا ہے اب تفتیشی افسر کو قربانی کا بکرا بنایا جا رہا ہے۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اسپیشل پراسیکیوٹر جہانزیب بھروانہ اس معاملے پر عدالت کی معاونت کریں گے وقت دیں جس پر جسٹس اطہر من اللہ نے ریمارکس دیے کہ یہ کیس اب نیا بنچ سنے گاہم ہی اس کیس کو سنتے تو نیب کو توہین عدالت میں شوکاز نوٹس جاری کرتے ا ب یہ معاملہ نئے بنچ کے سامنے جائے گا اس لیے یہ عدالت خود کو شوکاز نوٹس جاری کرنے سے روک رہی ہے کیا نیب کی جانب سے اکرم درانی کے وارنٹ گرفتاری واپس لیے جا چکے ہیں ؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ اکرم درانی کے وارنٹس چیئرمین نیب نے عدالتی ہدایات پر واپس لے لئے تھے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہم نے کوئی ہدایات نہیں دی تھیں۔ کیس کی سماعت گزشتہ روز چیف جسٹس ،جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب پر مشتمل ڈویژن بینچ نے کی کیس کی سماعت 4 جون تک ملتوی کر دی گئی ۔