سکھر واپڈا یونین کے تحت بڑھتی ہوئی مہنگائی کیخلاف احتجاج

139

سکھر (نمائندہ جسارت) سکھر میں واپڈا یونین کا بڑھتی ہوئی مہنگائی اور تنخواہوں میں اضافہ نہ ہونے کیخلاف احتجاج، کورونا کے باوجود بجلی کی سپلائی جاری رکھی، رہنماؤں کا خطاب، پاکستان واپڈ ہائیڈرو الیکٹرک سینٹرل لیبر یونین سکھر کی جانب سے ایس ای آفس میں بڑھتی ہوئی مہنگائی، تنخواہوں میں اضافہ نہ کرنے اور الاؤنس نہ دینے کیخلاف احتجاجی جلسہ منعقد کیا گیا، جس سے یونین رہنماؤں زاہد شاہ، عبدالحلیم آخوند، نذر میمن ودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کورونا وائرس کی صورت حال کے باوجود واپڈا ملازمین نے اپنے فرائض بلاخوف و خطر انجام دیے ہیں اور اس دوران ہمارے کئی ساتھی اپنے فرائض کی ادائیگی کے دوران اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، ہم نے کام کیا ہے لیکن ہمیں نظر انداز کرکے دیگر محکموں کے ملازمین جو اس وبا کے دوران گھر بیٹھے رہے ہیں، انہیں بونس تک دیا جارہا ہے، ہمیں بونس سے محروم رکھنا زیادتی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے کنٹریکٹ پر کام کرنے والے ساتھیوں کو مستقل کیا جائے اور ہماری تنخواہوں میں مہنگائی کے تناسب سے اضافہ کیا جائے اور ہمیں بونس دیا جائے اگر ہمارے مطالبات پر عمل نہ ہوا تو ہم کام چھوڑ ہڑتال کردیں گے۔