حکومت لاک ڈاﺅن پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی، سینیٹر سراج الحق

876

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ حکومت لاک ڈاﺅن ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی جس سے لاک ڈاﺅن کے مقاصد پورے نہیں ہوئے۔

منصورہ میں معروف صنعتکار شیخ عابد محمود کی قیادت میں ملاقات کرنے والے تاجر نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر حکومت اپنے سرمایہ کاروں کو سہولتیں دے تو ملک معاشی بحران سے نکل سکتا ہے،ہمارے صنعتکاروں اور تاجروں میں ملک و قوم کی خدمت کا جذبہ کوٹ کوٹ کر بھرا ہواہے، حکومت بیرونی سرمایہ تو ملک میں نہیں لاسکی اور جو ملکی سرمایہ کار اپنے ملک میں سرمایہ کاری اور کاروبار کو ترقی دیکر روزگار کے مواقع پیدا کرنا چاہتے ہیں حکومت ان کے لیے طرح طرح کی رکاوٹیں پیدا کررہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ٹیکسوں کے ظالمانہ نظام نے نہ صرف کاروباری طبقے کو تنگ کررکھا ہے بلکہ عام آدمی کی زندگی بھی اجیرن کردی ہے، حکومت لاک ڈاﺅن ایس او پیز پر عمل درآمد کروانے میں ناکام رہی جس سے لاک ڈاﺅن کے مقاصد پورے نہیں ہوئے۔

امیر جماعت اسلامی نے کہا کہ ڈیڑھ ماہ سے زیادہ عرصہ تک کاروبار بند رہنے سے عوام کو شدید مشکلات کا سامناکرنا پڑا، کاروبار کی بندش سے بے روزگاری اور مہنگائی اپنے عروج پر پہنچ گئی ہے ،حکومت اس طرح شش و پنج کا شکار رہی تو مسائل کی دلد ل مزید گہری ہوتی جائے گی۔

سینیٹرسراج الحق نے تاجروں کے جذبہ خیر سگالی کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی تاجر، صنعتکار اور مخیر حضرات دنیا بھر میں سب سے زیادہ صدقات زکوة دیتے اور مستحقین کی امدادا کرتے ہیں،اگر حکومت اپنے کاروباری طبقے کے لیے سہولتیں پیدا کرے تو اللہ کی راہ میں خرچ کرنے والے ہمارے لوگ کسی غریب اورمسکین کو بھوکا نہ سونے دیں۔

امیر جماعت اسلامی نے صنعتکاروں اور تاجروں سمیت ملک بھر کے مخیر لوگوں سے اپیل کی کہ رمضان المبارک اور خاص طور پر عید الفطر کے موقع پر اپنے ارد گرد موجود غریبوں ،مساکین ،بیواﺅں اور یتیموں کا خصوصی خیال رکھا جائے۔

انہوں نے کہا کہ ان کے لئے سحری اور افطاری کا انتظام کیا جائے اور عیدپر اپنے بچوں کے ساتھ ساتھ یتیم بچوں کو بھی نئے کپڑے اور جوتے خرید کر دیے جائیں تاکہ وہ بھی عید الفطر کی خوشیوں میں شامل ہوسکیں،یتیم بچوں کی کفالت کی ذمہ داری حکومت اور معاشرے دونوں پر ہے۔

شیخ عابد محمود نے امیر جماعت اسلامی کی خدمت میں کرونا سے بچاﺅ کا حفاظتی سامان اور ڈاکٹروں کے لیے حفاظتی کٹس بھی پیش کیں۔