لاڑکانہ، کورونا کے لیے نئی لیبارٹری نے ٹیسٹنگ کا عمل شروع کردیا

126

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول زرداری اور وزیر اعلیٰ سندھ کی خصوصی ہدایات پر کورونا وائرس ٹیسٹ کے لیے تعمیرہ شدہ نئی لیبارٹری نے ٹیسٹنگ کا عمل شروع کردیا ہے گزشتہ روز ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ محمد نعمان صدیق نے ایم ایس چانڈکا اسپتال ڈاکٹر ارشاد کاظمی اور ڈی ایچ اور لاڑکانہ اطہر شاہ کے ہمراہ نئی تعمیر شدہ کورونا وائرس لیبارٹری کا دورہ کرکے انتظامات کا جائزہ لیا، جہاں ماہر ڈاکٹروں نے انہیں بریفنگ دی۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر کا کہنا تھا کہ کورونا کے مقامی ٹیسٹس کے لیے کورونا پی سی آر لیب کا کام مکمل کرکے ٹیسٹنگ کا عمل شروع کیا گیا ہے۔ اس سے قبل سیمپلز لے کر کراچی بھجوائے جارہے تھے، جن کی رپورٹ آنے میں دو سے تین دن لگ جاتے تھے، تاہم اب لاڑکانہ ڈویژن کے پانچوں اضلاع کے کورونا ٹیسٹس لاڑکانہ میں مقامی سطح پر مفت کیے جائیں گے، جہاں یومیہ بنیادوں پر 200 ٹیسٹ کیے جائیں گے اور ان کی رپورٹ اسی دن بھی جاری کی جائے گی۔ انہوں نے بتایا کہ سول اسپتال کی سینٹرل لیبارٹری میں مفت کورونا ٹیسٹس کے لیے مشینیں نصب کی گئی ہیں اور پہلا سیمپل لے کر ٹیسٹ کا تجربہ بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ لیبارٹری میں گمبٹ انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز سے ترتیب یافتہ 7 ماہر بائیولوجسٹ ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے، ضرورت پڑی تو ٹیسٹنگ کیپسٹی کو بڑھا دیا جائے گا۔