لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں سپکو انتظامیہ عوام کے لیے عذاب بن گئی، غیراعلانیہ لوڈشیڈنگ نے شہریوں کا جینا محال کردیا، شہر کے بیشتر علاقے نیو بہارپور، پیر شیر روڈ، ایمپائر روڈ، مراد واہن، کرماں باغ و دیگر علاقے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کے باعث اذیت کا شکار ہوگئے۔ اس حوالے سے شہریوں فہیم میرانی، خلیق الرحمن میرانی، صدام جیسر، ندیم میمن، سعید میرانی، سکندر سیال، سیف اللہ میمن، نوید سامٹیو و دیگر کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے عوام کو یقین دہانی کرائی تھی کہ حفاظتی لاک ڈاؤن کے دوران بجلی بند نہیں کی جائے گئی تاکہ لوگ حفاظتی لاک ڈائون کا خیال کریں اور اپنے گھروں تک محدود رہیں جبکہ سپکو انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ سندھ کے احکامات کو بھی کوئی اہمیت نہ دی۔ شہریوں کا کہنا ہے کہ 47 دن سے نافذ لاک ڈاؤن کے باعث ضروریات زندگی مفلوج ہو کر رہ گئی ہے، ایک طرف حکومت کی جانب سے لگائے جانے والا لاک ڈاؤن تو دوسری جانب بے روزگاری ہے، رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں بھی عبادات میں ذہنی اذیت و پریشانی کا سامنا ہے۔ گھروں میں خواتین، بچے، بوڑھے، بیمار اور روزہ دار افراد بجلی نہ ہونے کی وجہ سے پریشانیوں سے دوچار ہیں۔ شہریوں نے وزیراعظم پاکستان، چیف جسٹس، وزیر اعلیٰ سندھ و دیگر حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ خدارا اس ذہنی اذیت و پریشانی سے ہمیں چھٹکارا دلائیں اور سپکو انتظامیہ کو لگام ڈالی جائے۔