خرم شیر زمان کا سندھ حکومت سے متعلق بیان غیر ذمے دارانہ ہے‘ اسد عمر

151

اسلام آباد (اے پی پی) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اسد عمر نے کہا ہے کہ سندھ حکومت کے حوالے سے اعدادوشمار بڑھا چڑھا کر پیش کرنے کی بات غیر ذمے دارانہ ہے، ملک بھر میں ڈاکٹرز اعدادوشمار کی انٹری کرتے ہیں اس میں سیاستدانوں کی کوئی مداخلت نہیں ہے، سیاستدانوں اور میڈیا سے اپیل ہے کہ کورونا کے معاملے پر سنسنی پھیلانے کی کوشش نہ کریں اور احتیاط سے کام لیں یہ انسانی جانوں کامعاملہ ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ وبا سے بچنے کے لیے اقدامات سے دہاڑی دار اور مزدور طبقہ بھاری قیمت ادا کر رہا ہے اس لیے حکومت نے لاک ڈائون میں نرمی کا فیصلہ کیا تاکہ معاشی سرگرمیاں بحال ہوں اور غریب لوگوں کی مشکلات میں اضافہ نہ ہو۔ اسد عمر نے کہا کہ ڈاکٹرز کہہ رہے ہیں کہ وبا کو اتنا نہ پھیلنے دیا جائے کہ صحت کا نظام مفلوج ہو جائے اس لیے ملک بھر کے تمام اسپتالوں میں سہولیات کا جائزہ لیا جا رہا ہے، ڈاکٹرز اور دوسرے طبی عملے کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے حفاظتی سامان براہ راست اسپتال کے ایم ایس کو پہنچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے فیصلوں کا زیادہ تر انحصار رپورٹ ہونے والی اموات پر ہوتا ہے، اللہ کے فضل و کرم سے پاکستان میں صورتحال ابھی بہتر ہے، حکومت عوام کی صحت کے تحفظ کے ساتھ ساتھ معاشی مسائل کو دور کرنے کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسپتال آمد پر انتقال کرنے والوں کا بھی کورونا ٹیسٹ کیا جاتا ہے۔