ادویات اسکینڈل کی تحقیقات کیلیے پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے،شہباز شریف

260

َّلاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ (ن)کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف شہباز شریف نے ادویات اسکینڈل کی تحقیقات کامطالبہ کردیا۔شہباز شریف نے کہا کہ پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی جائے جو ادویات اسکینڈل کی شفاف تحقیقات کرے۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آٹا اور چینی کی طرح دوائی اسکینڈل کے بھی براہ راست ذمے دارہیں، بھارت سے ان ادویات کی درآمد کی منظوری کابینہ میں خود وزیراعظم نے دی۔شہباز شریف نے کہا کہ جان بچانے والی ادویات کی آڑ میں دیگر ادویات کی بھارت سے درآمد سنگین جرم ہے۔صدر مسلم لیگ ن نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ہی وزیر صحت بھی ہیں، اربوں روپے کے اسکینڈل کا جواب دیں۔شہباز شریف نے کہا کہ ادویات اسکینڈل پہلے بھی آچکا ہے جبکہ ملوث وزیر کو عمران خان نے تحفظ اور نیا عہدہ دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی حیرانگی سے کام نہیں چلے گا، قوم کو لوٹنے والے مجرموں کو کٹہرے میں لایا جائے۔شہبازشریف نے کہا کہ جان بچانے والی ادویات پر ڈاکا ڈالا گیا ، لوگوں کی زندگیوں کے ساتھ کھیلا گیا ہے۔