چینی بحران ‘ تحقیقاتی کمیشن نے شاہد خاقان سے ثبوت مانگ لیے

168

اسلام آباد ( خبر ایجنسیاں) چینی بحران کی تحقیقات کرنے والے کمیشن نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کی درخواست پر انہیں اور خرم دستگیر کو آج (ہفتے کو) طلب کر لیا۔ شاہد خاقان عباسی نے شوگر انکوائری کمیشن کے سربراہ واجد ضیا کو دوبارہ خط لکھ کر چینی بحران کی انکوائری میں تفصیلات دینے کی پیشکش کی تھی۔ خط کے متن میں کہا گیا تھا کہ شوگرانکوائری کے لیے انہیں (شاہد خاقان) اور خرم دستگیرکو پیش ہونے کا موقع دیا جائے‘ شوگر اسکینڈل سے متعلق کمیشن کو اہم معلومات فراہم کرسکتے ہیں۔ شوگر انکوائری کمیشن کے رکن گوہر نفیس نے شاہد خاقان عباسی اور خرم دستگیر کو جوابی خط لکھ کر آج ( ہفتے کو) طلب کر لیا ہے۔ لیگی رہنماؤں کو ساڑھے3 بجے ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر بلایا گیا ہے اور انہیں ہدایت کی گئی ہے کہ متعلقہ دستاویزات سمیت کمیشن کے سامنے پیش ہو کر معاونت کریں۔ خیال رہے کہ گزشتہ دنوں چینی بحران پر وفاقی تحقیقاتی ایجنسی(ایف آئی اے)کی تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ ملک میں چینی بحران کا سب سے زیادہ فائدہ حکمران جماعت کے اہم رہنما جہانگیر ترین نے اٹھایا، دوسرے نمبر پر وفاقی وزیر خسرو بختیار کے بھائی اور تیسرے نمبر پر حکمران اتحاد میں شامل مونس الٰہی کی کمپنیوں نے فائدہ اٹھایا۔