بیڈمنٹن کی ترقی کیلیے اکیڈمیز کا قیام ناگزیر ہے،محمد علی

185

اسلام آباد (جسارت نیوز) قومی بیڈمنٹن چیمپئن مراد علی نے کہاہے کہ کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل سطح کے مقابلوں میں شرکت کے بغیر ملک میں بیڈمنٹن کھیل کی ترقی ناممکن ہے۔ گزشتہ روز خبر رساں ادارے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل ٹورنامنٹس میں غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیل کر نہ صرف کھلاڑی کو سیکھنے کا موقع ملتاہے بلکہ انکی ٹیکنیک اور تجربے میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک میں بیڈمنٹن کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں بلکہ وسائل کی کمی کے باعث یہ ٹیلنٹ ضائع ہونے کا خدشہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں گراس روٹ لیول پر کھیلوں کی اکیڈمیز کا قیام بہت ضروری ہے اور تعلیمی ادارے بھی کھیلوں کی ترقی کے لئے بھر پور کردار ادا کر سکتے ہیں۔ایک سوال کے جواب میں نیشنل بینک سے تعلق رکھنے والے پاکستان نمبر ون رینکنگ کھلاڑی مراد علی نے کہا کہ جب تک کھلاڑیوں کو غیر ملکی کھلاڑیوں کے ساتھ کھیلنے کے مواقع فراہم نہیں کیے جائیں گے اس وقت تک ملک میں بیڈمنٹن کا کھیل ترقی نہیں پا سکے گا۔