سکھر، الخدمت کے تحت مختلف علاقوں میں مفت سبزی کی تقسیم

430

سکھر (نمائندہ جسارت) الخدمت فاؤنڈیشن سکھر کی جانب سے الخدمت کے سرپرست امیر جماعت اسلامی سکھر شہر زبیر حفیظ شیخ کی زیر نگرانی شہرکے مختلف علاقوں میں 10 ہزار کلو مفت سبزی کی تقسیم،الخدمت فاؤنڈیشن سکھر کی جانب سے مخیر حضرات کے تعاون سے سکھر کے مختلف علاقوں میں مسلسل فلاحی سرگرمیاں جاری ہیں۔الخدمت کی جانب سے قبل ازیں تقریباً 5ہزار گھرانوں میں راشن تقسیم کیا جا چکا ہے۔250 سے زائد مساجد اور عبادت گاہوں میں جراثیم کش اسپرے کیا جا چکا ہے۔سکھر کے مختلف علاقوں میں افطار ڈیسک لگائے گئے ہیں۔اب اپنی سرگرمیوں کا دائرہ بڑھاتے ہوئے الخدمت نے مفت سبزی کی تقسیم کا سلسلہ شروع کر دیا ہے۔اس سلسلے میں سکھر کے علاقوں پرانا سکھر، شالیمار، ریجنٹ، لوکل بورڈ، جناح چوک، غریب آباد، ٹکر، نیو پنڈ، قریشی گوٹھ، سائٹ ایریا، ریلوے کالونی، پاک کالونی، واری تڑ سمیت دیگر کئی علاقوں میں الخدمت اور جماعت اسلامی کارکنان کی جانب سے 10ہزار کلو سبزی تقسیم کی گئی۔ تمام کام امیر جماعت اسلامی سکھر زبیر حفیظ شیخ کی نگرانی میں جاری ہیں۔ انہوں نے سبزی کی مختلف علاقوں میں روانگی کے موقع پر رضاکاروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الخدمت فاؤنڈیشن بلا تفریق خدمت کے سفر کو جاری رکھے ہوئے ہے اور بلا امتیاز خدمت پر یقین رکھتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ الخدمت نے خدمت میں نئی روایات قائم کی ہیں اور اسی کی مثال سکھر میں سبزی کی تقسیم کے آغاز کا یہ سلسلہ ہے۔ مفت سبزی کی تقسیم کا یہ سلسلہ ماہ رمضان میں مسلسل جاری رکھا جائے گا۔