راولپنڈی : وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا کہنا ہے کہ ہم 10 مئی سے ٹرینیں سے چلانے کے فیصلے پر تمام صوبوں کی حمایت حاصل نہیں کر سکے، عمران خان نے بطور جمہوری وزیر اعظم مشاورت کے لیے اس فیصلے کو مزید 2 سے 3 دن ملتوی کردیا ہے ۔
شیخ رشید نے کہا کہ ‘جس طرح عوام نے، دکانداروں نے اور علمائے کرام نے حکومت کے لاک ڈائون کا ساتھ دیا ہے وہ قابل تحسین ہے۔
شیخ رشید نے مزیدکہا کہ میری دلی خواہش ہے کہ غریب کی سواری ٹرین کو عید سے قبل دوبارہ چلایا جائے اور ہم وہ تمام احتیاطی تدابیر اختیار کریں گے جو معیاری طریقہ کار (ایس او پیز) میں شامل ہیں اور توقع ہے کہ عید سے قبل عمران خان کی اجازت سے ہم ٹرینی چلانے میں کامیاب ہوجائیں گے۔
یاد رہے کہ دو روز قبل پاکستان ریلوے نے ٹرین آپریشن 10 مئی سے جزوی طور پر بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔تاہم ٹرین آپریشن کی بحالی وزیر اعظم عمران خان کی حتمی منظوری سے مشروط تھی۔وزارت ریلوے نے ٹرین آپریشن کی تیاریاں مکمل کرنے کے لیے ریلوے انتظامیہ کو ہدایات بھی جاری کر دی تھیں۔