مارکیٹیں سحری سے شام 5بجے تک کھولنے کی اجازت ہوگی،اسد عمر

741

اسلام آباد : وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر کا کہنا ہے کہ سحری کے بعد سے محلے کی دکانیں، چھوٹی مارکیٹیں سحری سے شام 5 بجے تک کھولنے کی اجازت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

قومی رابطہ کمیٹی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اسد عمر نے کہا کہ اجلاس میں صنعتیں، چھوٹی مارکیٹیں اور گلی محلوں کی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، سحری کے بعد سے شام 5 بجے تک دکانیں کھولنے کی اجازت ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ افطاری کے بعد دکانیں کھولنے کی تجویز مسترد کردی گئی ہے، جبکہ ہفتے میں 5 روز تک کام کی اجازت ہوگی اور دو روز کاروبار بند ہوگا جس کے دوران صرف وہی دکانیں کھلیں گی جنہیں لاک ڈاؤن کے دوران اجازت تھی۔

اسد عمر نے مزید کہا کہ اسپتالوں کی او پی ڈیز بھی کھولنے کا فیصلہ کیا گیا،ٹاک شو میں لگتا ہے کہ وفاق و صوبے دست و گریباں ہیں۔

وزیر برائے منصوبہ بندی نے کہا کہ وزیراعظم چاہتے تو ٹرانسپورٹ کے بارے میں فیصلہ صوبوں پر مسلط بھی کرسکتے تھے، لیکن عمران خان چاہتے ہیں کہ تمام صوبوں سے مل کر فیصلے ہوں، اسی لیے تمام فیصلے صوبوں کی مشاورت سے کیے جارہے ہیں، جتنے بھی فیصلے کررہے ہیں اس کا مقصد انسانی زندگیاں بچانا  ہیں۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے صنعت حماد اظہر نے کہا کہ سرامکس ، اسٹیل، کیبلز اور پینٹس انڈسٹری کھولنے کا فیصلہ کیاہے۔ شہرکے گلی محلوں اور دیہاتوں کی دکانیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔