عوام کو ریلیف دینا ہمارا مذہبی فریضہ ہے، تنہا نہیں چھوڑیں گے‘ بلاول

309

کراچی (اسٹاف ر پورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ رمضان کے مقدس مہینے میں لوگوں کو زیادہ سے زیادہ ریلیف دینا ہمارا اخلاقی اور مذہبی فریضہ ہے جس پورا کیا جائے گا‘ہم مشکل کی اس گھڑی میں عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کو پیپلز پارٹی کی کورونا ریلیف کمیٹی کے اجلاس کی وڈیو لنک کے ذریعے صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں کمیٹی کے ارکان نیر بخاری، سلیم مانڈوی والا، تاج حیدر اور چودھری یاسین نے ریلیف کے کاموں سے انہیں آگاہ کیا۔ سلیم مانڈوی والا کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں ٹیسٹ کٹس، ماسک اور حفاظتی آلات فراہم کرچکے ہیں جبکہ لاہور کے ینگ ڈاکٹرز کو ماسک بھیجے گئے ہیں۔ اس موقع پر تاج حیدر نے کو بتایا کہ مزید ٹیسٹ کٹس اور آلات آرہے ہیں جو بلوچستان اور کے پی کے میں دیں گے۔ اس موقع پر چودھری یاسین کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں ملنے والے آلات ڈویژن کی سطح پر تقسیم کیے گئے۔ نیر بخاری نے بتایا کہ تندورں کو مفت آٹا فراہم کررہے ہیں۔ چیئرمین بلاول زرداری نے پارٹی ریلیف کے کاموں کا دائرہ کار اضلاع کی سطح پر پھیلانے کی ہدیت کی اور کہا کہ پارٹی اضلاع کی سطح پر کورونا کے بارے میں عوامی آگاہی مہم شروع کرے۔ بلاول زرداری نے ہدایت کی کہ آگاہی مہم کے لیے پمفلٹ، سوشل میڈیا اور ضروری حفاظتی سامان مہیا کیا جائے‘ سستی روٹی پروگرام کے اچھے نتائج ملے ہیں‘ اس کا دائرہ کار وسیع کیا جائے۔