نوابشاہ ،ڈکیتی کے خلاف شہریوں ،تاجروں کا احتجاج

179

نواب شاہ ( بیورورپورٹ)دو دن قبل دن دہاڑے ڈکیتی کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف شہری اتحاد اور تاجر اتحاد کا پولیس کے خلاف احتجاج۔تفصیلات کے مطابق سکرنڈ کے پر رونق علاقہ لیلا آباد میں دو دن قبل صبح سوا 9 بجے سیٹھ جاوید سے ہوئی 7 لاکھ روپے ڈکیتی کے ملزمان کی عدم گرفتاری کے خلاف سکرنڈ شہری اتحاد کے دفتر پر تاجر ایسوسی ایشن کے صدر چودھری آفتاب، شفیع محمد راجپوت ، سیٹھ اختر ، حاجی رشید گھگڑ جے یو آئی کے ضلع رہنما قاری عبدالقیوم چنہ اور شہری اتحاد صدر محمد مراد خانزادہ کی قیادت میں احتجاجی مظاہرہ اور پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر رہنمائوں کا کہنا تھا کہ آج 3 دن ہو گئے لیکن ملزمان اب تک گرفتار نہیں ہو سکے کیونکہ پولیس صرف عید کی خرچی بنانے میں مصروف عمل ہے ورنہ لاک ڈائون کے باوجود ملزمان کیسے فرار ہو سکتے ہیں اگر آج شام تک ملزمان گرفتار نہ ہوئے کل سے کریانہ مرچنٹ اپنے کاروبار بند کریں گے اور شہر میں پیدا ہونے والے خوراک کے فقدان کی زمہ داری سکرنڈ پولیس ڈی ایس پی اور ایس ایچ او پر عائد ہو گی جو کہ معصوم شہریوں کو پکڑ کر مبینہ طور پر پیسے لیکر چھوڑنے میں مصروف عمل ہیں لیکن کاروباری افراد کو تحفظ فراہم کرنے میں بالکل ناکام ثابت ہو رہے ہیں۔ انہوں نے وزیراعلی سندھ، آئی جی، ڈی آئی جی اور ایس ایس پی سے مطالبہ کیا کہ ملزمان کو گرفتار کرکے ڈکیتی کی رقم فوری واپس کرائی جائے۔ ورنہ بھرپور احتجاج کیا جائے گا۔