حکومت 18ویں ترمیم کے خاتمے کیلیے علیحدہ بل لے آئے‘ شاہد خاقان

150

اسلام آباد ( آئی این پی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے نیب آرڈیننس میں ترمیم سے متعلق کہا ہے کہ یہ حکومت اور اپوزیشن کی اتفاق رائے سے ہوگی۔اپنے ایک بیان میں ن لیگ کے رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ہم نے قومی اسمبلی کی کمیٹی میں نیب آرڈیننس میں ترمیم دی تھی‘ خود بھی کمیٹی میں پیش ہوا تھا وہاں وضاحت کی تھی کہ ترامیم کیا ہیں اور ان کی ضرورت کیوں ہے؟ اور حکومت ترمیم چاہتی ہے تو سمجھ لے نیب ملکی ترقی میں رکاوٹ کیوں ہے؟۔انہوں نے کہا کہ ہم جانتے ہیں کہ نیب میں خرابیاں کیا ہیں‘نیب قوانین کو آج سے نہیں 2000ء سے بھگت رہے ہیں لیکن نیب آرڈیننس میں ترمیم اتفاق رائے سے ہی ہو گی۔شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حیران ہوں کہ وفاقی وزیر کہہ رہے ہیں کہ18 ویں ترمیم واپس لی جائے جب کہ 18 ویں ترمیم آئین کا حصہ بن چکی ہے اور یہ واپس نہیں ہو سکتی، یہ ان کی خام خیالی ہے، حکومت 18 ویں ترمیم میں مزید ترمیم چاہتی ہے تو علیحدہ بل لے آئے۔