میڈیا کورونا سے متعلق لوگوں میں خوف نہ پھیلائے ، اسد قیصر

357

اسلام آباد(اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا ہے کہ میں اور میرے بچے تیزی سے صحت یاب ہو رہے ہیں ،اللہ مشکل کی اس گھڑی اور اس وبا سے ہمیں سرخرو ہوکر نکلنے کی توفیق عطا فرمائے۔ ہفتے کو اپنے ٹوئٹر اور وڈیو پیغام میں انہوں نے کہا کہ پارٹی، تمام ساتھیوں، دوستوں، ارکان قومی اسمبلی، سینیٹرز سمیت پوری قوم کا شکرگزار ہوں کہ جنہوں نے بڑی محبت سے میری بیمار پرسی کی اور دعائیں دیں۔ انہوں نے کہا کہ میں دعا کرتا ہوں کہ اللہ ہماری قوم کو اس وبا اور مصیبت سے نجات دلائے، یہ ایک امتحان ہے ،اللہ ہم سے امتحان لے رہا ہے، ہمیں ان حالات میں صبر کا مظاہرہ کرنا ہے۔ انہوں نے اپنے حلقے کے عوام کا بھی شکریہ ادا کیا اور کہا کہ میری اور میرے بچوں کی صحت یابی کے لیے میرے حلقے کے لوگوں نے دعائیں کیں ہیں اور قرآن خوانی کے اہتمام کیے ہیں۔ اللہ سے دعا ہے کہ اللہ ان سب کی دعا قبول کرے اور پاکستان کو اس وبا سے نجات دلائے۔ انہوں نے کہا کہ میں پرنٹ اور الیکٹرونک میڈیا سمیت تمام ذرائع ابلاغ سے گزارش کرتا ہوں کہ وہ لوگوں میں خوف پیدا کرنے کے بجائے امید پیدا کریں، لوگوں میں شعور اجاگر کریں اور لوگوں کی رہنمائی کریں۔ انہوں نے کہا کہ خوف سے مریضوں کو اور تکلیف ہوتی ہے۔ انہوں نے ساری قوم سے اپیل کی کہ بہت زیادہ احتیاط کریں اور اللہ سے دعا کریں کہ اللہ ہمیں اس امتحان میں سرخرو کرے۔
قیصر