لاڑکانہ ، سیشن جج کا مارکیٹ کا دورہ، پرائس لسٹ آویزاں نہ ہونے پر برہمی

267

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں سیشن جج کا مارکیٹس کا دورہ، گوشت مارکیٹ میں جانور ذبح کرنے اور کریانہ مرچنٹ پر پرائس لسٹ آویزاں نہ ہونے پر برہمی کا اظہار، اسسٹنٹ مختارکار کا سیشن جج کی آمد سے قبل مارکیٹوں کا دورہ، دکانداروں کو انتباہ جاری کرکے چھوڑ دیا گیا، جبکہ پھل اور سبزی دکانداروں نے ضلعی انتظامیہ اور مارکیٹ کمیٹی پر الزام عائد کرتے ہوئے بروقت ریٹ لسٹ فراہم کرنے کا مطالبہ کردیا ہے۔ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں اشیا خورونوش کی قیمتوں کا جائزہ لینے کے لیے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ اقبال حسین میتلو نے تھرڈ ایڈیشنل سیشن جج محمد علی قریشی، ڈپٹی کمشنر لاڑکانہ محمد نعمان صدیق اور اسسٹنٹ کمشنر لاڑکانہ اقبال حسین تونیو کے ہمراہ شہر کے گوشت اور مچھلی مارکیٹ کا دورہ کرکے قیمتوں کا جائزہ لیا، جہاں سیشن جج کا سلاٹر ہاؤس کے بجائے گوشت مارکیٹ میں جانور ذبح کرنے اور کریانہ مرچنٹ پر پرائس لسٹ آویزاں نہ ہونے پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے غیر معیاری اور مہنگے داموں گوشت، سبزی اور پھل فروخت کرنے پر دکانداروں کو گرفتار کرکے جرمانے بھی عائد کیے گئے۔ دوسری جانب ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی آمد کی خبر سے پہلے سب اچھا کرنے کے لیے مختار کار وزیر اوڈھ کا بھی پاکستانی چوک، مچھلی مارکیٹس کا دورہ کرکے سرکاری نرخوں کیخلاف 230 کلو والی مرغی 260 روپے میں فروخت ہونے پر آویزاں نرخوں والی تختیاں منسوخ کروا کر وارنگ دے کر چھوڑ دیا گیا جبکہ دوروں کے دوران گوشت، سبزی، فروٹ فروخت کرنے والے 14 جبکہ 6 کریانہ مرچنٹ مالکان کو گرفتار کر کے مجموعی طور پر 20 ہزار روپے جرمانے عائد کیے گئے۔ اس حوالے سے ٹھیلوں پر سبزیاں اور پھل فروخت کرنے والوں کا کہنا تھا کہ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے بااثر منافع خوروں کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے چھوٹے دکانداروں اور ٹھیلے والوں کیخلاف کارروائی کی جارہی ہے جبکہ اس مہنگائی میں بااثر افراد ملوث ہیں لیکن انہیں گرفتار نہیں کیا جارہا، جو غریب ہیں انہیں گرفتار اور جرمانہ عائد کیا جارہا ہے۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ جان بوجھ کر ریٹ لسٹ دیر سے فراہم کرنے کے باعث دکاندار من مانی قیمتیں وصول کررہے ہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ایسے منافع خوروں کیخلاف کارروائی کرکے ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔