لاڑکانہ، قیمتوں میں اضافے کیخلاف دائر درخواست پر عدالت کا ضلعی انتظامیہ کو نوٹس

115

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں وکیل کی جانب سے اشیا خورونوش کی قیمتوں میں مصنوعی اضافے کیخلاف دائر پٹیشن پر عدالت نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر رتوڈیرو، ڈوکری اور باقرانی سمیت چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے سماعت 5 مئی کو مقرر کردی ہے۔ اس حوالے سے شہر کے وکیل کالونی کے رہائشی ایڈووکیٹ ادریس احمد منگی کی جانب سے ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاڑکانہ اقبال حسین میتلو کی عدالت میں پٹیشن دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رمضان المبارک کے بابرکت مہینے میں لاڑکانہ ضلع کے عوام پہلے ہی لاک ڈائون کے باعث بے روزگار ہیں تو دوسری جانب منافع خوروں کی جانب سے اشیا خورونوش کی قیمتوں میں اضافہ کرکے شہریوں کو مشکلات سے دوچار کردیا ہے۔ پٹیشن سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے عدالت نے ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر رتوڈیرو، ڈوکری اور باقرانی سمیت چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کو نوٹسز جاری کردیے جبکہ سماعت 5 مئی کو مقرر کردی ہے۔