شہباز شریف کا 14 کشمیریوں کی شہادت پر اظہار افسوس

266

لاہور (نمائندہ جسارت) پاکستان مسلم لیگ (ن)کے صدر و قائد حزب اختلاف محمد شہبازشریف نے قابض بھارتی فوج کی جانب سے 5 روز میں 14 کشمیریوں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قابض بھارتی افواج کورونا کی وباء کے اس ماحول کو کشمیریوں کی نسل کشی کیلیے استعمال کررہے ہیں ،سلامتی کونسل کی قراردادوں، جنیواکنونشن اور تمام عالمی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کشمیریوں کی زمین بھی ہتھیائی جارہی ہے،عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر کے عوام کیلیے اپنی انسانی ذمے داریاں پوری کرے۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج کا ریاستی دہشت گردی کے تحت کشمیریوں کا قتل قابل مذمت ہے، مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہارکرتے ہیں، ان کی آزادی تک ان کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔