لاہور(نمائندہ جسارت) مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اور نگزیب نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان،حکومتی وزرا اورترجمان شہباز شریف کے بجائے عوام کی فکر کریں اور کورونا کے وبا سے لڑنے پر توجہ دیں۔تفصیلات کے مطابق فردوس عاشق اعوان کے بیان پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران صاحب،حکومتی وزرا اور ترجمانوں سے گزارش ہے کورونا وبا سے لڑنے پر توجہ دیں، شہباز شریف کے بجائے عوام کی فکرکریں اور عوام کو روٹی راشن اور دہاڑی دار مزدور کو ریلیف دینے پہ غور کیا جائے۔اپنے بیان میں مریم اورنگزیب نے کہا کہ شہباز شریف کی گردان کرنے سے بہتر ہے کہ ڈاکٹرز اور طبی عملے کو حفاظتی سامان پہنچایا جائے،عمران صاحب، وزرا اور حکومتی ترجمان اپنی ترجیحات درست کریں،سیاست کا نہیں عوام کی زندگی بچانے کا وقت ہے۔