آٹا چینی مافیا کو کٹہرے میں لانا حکرانوں کے بس کی بات نہیں،سراج الحق

192

لاہور(نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے قوم سے اپنے خطاب میں کہا تھا کہ وہ آٹا اور چینی کا بحران پیدا کرنے والوں کو نہیں چھوڑیں گے۔آٹا چینی اسکینڈل کی فرانزک رپورٹ نہ آنے کی وجہ سے عوام کو سخت مایوسی ہوئی ہے لوگ سمجھ رہے ہیں کہ حکومت اس بار بھی یوٹر ن لینے پر مجبور ہوگئی ہے اور آٹا چینی مافیا کو کنٹرول کرنا یا انصاف کے کٹہرے میں لانا حکومت کے بس کی بات نہیں۔ حکومت نئے بکھیڑوں میں پڑنے اور نان ایشوز کھڑے کرنے کے بجائے عوام کے مسائل حل کرنے کی طرف توجہ دے۔نان ایشوز میں قوم کو الجھانا اصل مسائل سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہے جو کامیاب نہیں ہوگی۔حکومت عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کو پورا کرے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ سے جاری اپنے بیان میں کیا۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ رمضان شروع ہوتے ہی مہنگائی کے طوفان نے لوگوں کے اوسان خطاکر دیے ہیں۔سبزیوں اور پھلوں کی قیمتوں میں 100 فیصد سے بھی زیادہ اضافہ ہوچکا ہے۔ عوام کی مشکلات اور پریشانیاں مسلسل بڑ ھ رہی ہیں لیکن حکومت مہنگائی ختم کرنے اور رمضان میں عوام کو ریلیف دینے کے بجائے نان ایشوز کو اٹھا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ اس وقت حکومت کو اپنی تمام تر توجہ لوگوں کے لیے سحری اور افطاری کے انتظام میں آسانیاں پیدا کرنے اور اشیائے خورونوش کی آسان اور ارزاں قیمتوں پر فراہمی کی طرف ہونی چاہیے۔