لاہو ر (آئی این پی ) پاکستا ن مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں 2ہفتے کی تاخیر ملی بھگت قرار د یتے ہوئے کہا ہے کہ چینی انکوائری کمیشن کی حتمی رپورٹ نہ آنا عمران نیازی صاحب کا اعتراف جرم اور ملی بھگت ہے،چینی اسکینڈل کی رپورٹ میں تاخیر حکومتی ڈاکے کی تصدیق ہے۔اپنے ایک بیان میں شہبازشریف نے چینی انکوائری کمیشن کی رپورٹ میں2ہفتے کی تاخیر پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ اور ای سی سی کے سربراہ اور سبسڈی کی منظوری دینے والے ذمے دارہیں، ان تمام فیصلوں کے ذمے دار وزیر اعظم عمران
نیازی اور عثمان بزدار ہیں۔ شہباز شریف نے کہا کہ چینی انکوائری کمیشن کی حتمی رپورٹ کا نہ آنا وزیراعظم کا اعتراف جرم ہے، حتمی رپورٹ میں تاخیرکرنا ایک سو ار ب روپے کے حکومتی ڈاکے کی تصدیق ہے اور یہ تاخیری حربہ ڈکیتی کے اصل ذمے داروں کو بچانے کی کوشش ہے۔شہبازشریف نے کہا کہ چینی انکوائری رپورٹ چھپانے سے عمران خان کا جرم چھپ نہیں سکتا، عوام جانتی ہے کہ ان کے آٹے، چینی پر ڈاکا کس نے ڈالا کسی مزید انکوائری اور فارنزک کی ضرورت نہیں،انکوائری کمیشن منصفانہ نہیں ،کمیٹی کے ارکان ہی انکوائری کمیشن کے رکن ہیں، ہمارے نامزد کردہ ارکان پیش ہوں گے تو دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی ہو جائے گا،شاہدخاقان عباسی اور خرم دستگیر کو انکوائری کمیشن میں پیش ہو نے کی اجازت دی جائے۔