اسلام آباد (صباح نیوز) وفاقی وزیر اسد عمر کی زیرصدارت نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اجلاس ہوا جس میں وزیر داخلہ، معاون خصوصی برائے صحت، مشیر قومی سلامتی، چیئرمین این ڈی ایم اے اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی‘ اجلاس میں کورونا وائرس کے حوالے سے ملک میں بدلتی صورت حال اور رمضان المبارک کے حوالے سے گائیڈ لائنز پر عمل درآمد کا جائزہ لیا گیا۔ وزیرداخلہ اعجاز شاہ نے شہریآبادی میں آگاہی فراہم کرنے پر زور دیتے ہوئے کہا کہ شہروں میں مسلسل رمضان گائیڈ لائنز پر عمل کرنے کے حوالے سے آگاہی دینے کی ضرورت ہے جبکہ دیہات میں گائیڈ لائنز پر عملدرآمد ہو رہا ہے جو حوصلہ افزاہے۔ اجلاس میں وزیر داخلہ نے کہا کہ ضلعی اور یونین کونسل کی سطح پر سیاسی قیادت کا لوگوں کو آگاہی دینے میں اہم کردار ہے۔