ٹڈی دل ایران سے سندھ میں 15 مئی تک داخل ہوسکتا ہے،چیف سیکرٹری

319

کراچی(اسٹاف رپورٹر)چیف سیکرٹری سندھ سید ممتاز علی شاہ کی زیر صدارت ہفتے کو ٹڈی دل کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹری زراعت، ڈی جی زراعت، ڈائریکٹر پی ڈی ایم اے سمیت پاکستان آرمی اور پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے افسران شریک ہوئے۔ اجلاس میں ٹڈی دل کے حوالے سے چیف سیکرٹری سندھ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ ٹڈی دل سے دنیا کے 60 ممالک متاثر ہیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ٹڈی دل ایران سے سندھ میں مئی کے 15 تک داخل ہوسکتا ہے۔ سندھ میں 30 مقامات پر کیمپ بنائے جائیں گے۔ 180 لوگوں پر مشتمل 57 ٹیمیں بنائی گئے ہیں۔ہر ٹیم میں محکمہ زراعت اور پلانٹ پروٹیکشن ڈپارٹمنٹ کے افسران شامل ہوںگے۔ ایک لاکھ لیٹر پیسٹیسائیز سے ایریل اسپرے جب کہ 25 ہزار لیٹر پیسٹیسائیڈ سے بوم اسپرے کیا جائے گا۔ بریفنگ میں چیف سیکرٹری نے بتایا کہ ٹڈی دل کے خاتمے کے لیے حکومت سندھ تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔ جہاز اسپرے اور مینوئل اسپرے کے لیے پیسٹیسائیز کی خریداری کا عمل شروع کیا جائے۔ ٹڈی دل بھی ایک ایمرجنسی ہے جس کو صوبائی کابینہ کے اجلاس کے ایجنڈے میں بھی رکھا گیا ہے۔جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے اسپارکو سے ہاٹ اسپاٹ کا ڈیٹا بھی لیا جائے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے محکمہ زراعت کے 250 ملازمین کو ڈپارٹمنٹ آف پلانٹ پروٹیکشن سے ٹریننگ کرائی جائے گی۔