لاڑکانہ، رمضان کے لیے شہریوں کی بڑے پیمانے پر خریداری

253

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) سندھ کے دیگر شہروں کی طرح لاڑکانہ میں بھی 34 ویں روز لاک ڈائون رہا جبکہ حکومت سندھ کی جانب سے رمضان المبارک کے دوران مخصوص دکانیں کھولنے کی اجازت کے بعد گزشتہ روز لاڑکانہ شہر میں کھانے پینے سمیت دیگر دکانیں کھلی رہیں جہاں شہری سحری اور افطاری کے لیے خریداری کرتے ہوئے نظر آئے جبکہ شہر کے اہم، چھوٹے اور بڑے کاروباری مراکز لاک ڈائون کے دوران مکمل طور بند رہے، پولیس کی جانب سے شہر کے اہم شاہراہوں کو مکمل طور بند کیا گیا تاہم اس کے باوجود شہری رکاوٹیں توڑ کر شہر میں داخل ہوتے رہے۔ ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش نے لاک ڈائون کے دوران شہر کے مختلف شاہراہوں اور علاقوں کا دورہ کرکے سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جہاں انہوں نے پولیس افسران و اہلکاروں کو سخت ہدایات بھی جاری کیں، دوسری جانب لاڑکانہ پولیس نے لاک ڈائون کی خلاف ورزی کرنے پر 60 افراد کو گرفتار کرکے موٹرسائیکلیں تحویل میں لیتے ہوئے شہر کے ولید، اللہ آباد، سول لائین اور رحمت پور تھانوں پر منتقل کرکے ان کے خلاف مقدمات درج کیے گئے۔