دنیا امریکی پابندیوں کے خلاف آواز بلند کرے‘ ایران

310

تہران (انٹرنیشنل ڈیسک) ایران کے نائب وزیر خارجہ نے مطالبہ کیا ہے کہ دنیا ایران مخالف غیر انسانی اور غیر قانونی امریکی پابندیوں کے خلاف آواز بلند کرے۔ سید عباس عراقچی نے ناروے کے نائب وزیر خارجہ سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے باہمی تعلقات، کورونا وائرس کے پھیلاؤ اور علاقائی و بین الاقوامی حالات کے ساتھ خطے میں امریکی مداخلت پر بات چیت کی۔انہوں نے اوسلو میں ایران اور ناروے کے مابین آیندہ اجلاس، افغان امن عمل، عراق کی تازہ ترین صور ت حال اور یمن کے موضوعات پر بھی تبادلہ خیال کیا۔ اس موقع پر ناروے کے ترجمان نے کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے کے لیے ایرانی حکومت اور عوام سے یکجہتی کا اظہار کیا۔ دوسری جانب ایرانی پاسداران انقلاب نے اعلان کیا ہے کہ جلد ہی ایک اور فوجی سیٹلائٹ خلامیں بھیجا جائے گا۔ پاسداران انقلاب میں خلائی فورس یونٹ کے سربراہ میجر جنرل علی جعفر آبادی نے کہا کہ بدھ کے روز بھیجے جانے والے نورون کا مقصد نگرانی کرنا ہے،جب کہ ہمارا اگلا اقدام نور2 سیٹلائٹ بھیجنا ہے۔ ادھر فرانس نے ایران کی طرف سے فوجی سیٹلائٹ خلا میں بھیجنے کی شدید مذمت کردی۔ فرانسیسی وزارت خارجہ کی طرف سے جاری بیان میں کہا گیا کہ ایران کا فوجی سیٹلائٹ لانچ کرنا اس کے میزائل پروگرام میں مسلسل پریشان کن پیش رفت کی طرف اشارہ کررہا ہے۔