ریاض: سعودی حکام نے کورونا وائرس کے باعث کعبۃ اللہ کےگرد کھڑی کی گئی حفاظتی رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کرلیا۔
حرمین شریفین کے انتظام کے ذمہ دار شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس نےکہا کہ کعبۃ اللہ کےگرد کھڑی کی گئی حفاظتی رکاوٹیں ہٹانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے رمضان کے دوران مسجد الحرام میں جراثیم کش اسپرے کا چھڑکاؤ اور صفائی کا عمل جاری رکھا جائے گا ۔
انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس سے بچاؤ کیلئے اختیار کردہ حفاظتی اقدامات اور تدابیرکےموثر ہونے کا مسلسل جائزہ لے رہے ہیں اس لیے رکاوٹیں ہٹانے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔
شیخ ڈاکٹر عبدالرحمان بن عبدالعزیز السدیس کی جانب سے اعلان رمضان المبارک کا چاندنظر آنے کےبعد کیا گیا ہے ۔
دوسری جانب مسجد الحرام میں اس وقت 3 ہزار سے زائد ملازمین دن رات صفائی ستھرائی میں حصہ لے رہے ہیں۔
قبل ازیں خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے مکہ مکرمہ کی مسجد الحرام اور مدینہ منورہ میں مسجدنبوی میں رمضان المبارک کے دوران میں نماز تراویح کی 20 کے بجائے 10 رکعت ادا کرنے کی منظوری دی تھی۔
یاد رہے کہ مسجد الحرام اورمسجد نبوی میں عام عبادت گزاروں کے داخلے پربدستور پابندی برقرار رہے گی۔حرمین شریفین میں اجتماعی نمازتراویح ادا کی جائے گی تاہم مساجد کے ملازمین اور امام ہی نماز تراویح ادا کرسکیں گے۔