اسلام آباد ہائیکورٹ، مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن اور2ارکان کی برطرفی کا حکم

154

اسلام آباد (اے پی پی) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ اور جسٹس عامر فاروق پر مشتمل ڈویژن بینچ نے چیئرپرسن مسابقتی کمیشن ودیا خلیل اور دو ارکان کی بحالی کے خلاف وفاق کی انٹراکورٹ اپیل منظور کرتے ہوئے خالی عہدوں پر قواعد و ضوابط کے مطابق تعیناتی کی ہدایت کر دی۔ جمعرات کو محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے عدالت نے مسابقتی کمیشن کی چیئرپرسن اور ارکان کی تقرری غیر آئینی قرار دیتے ہوئے ان کو عہدوں سے ہٹا دیا اور 3 فروری 2020ء کے سنگل بینچ فیصلہ کو کالعدم قرار دیدیا۔ عدالت نے وفاق کو ہدایت بھی کی ہے کہ قواعد و ضوابط کے مطابق خالی عہدوں پر تعیناتی کی جائے۔ یاد رہے کہ عدالت نے درخواست گزاروں کے وکیل بیرسٹر علی ظفر اور ایڈیشنل اٹارنی جنرل کے دلائل سننے کے بعد 14 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔ فنانس ڈویژن نے 15 اکتوبر 2018ء کو چیئرپرسن مسابقتی کمیشن ودیا خلیل اور دو ارکان کی برطرفی کا نوٹیفکیشن جاری کیا تھا جس کے خلاف درخواست پر اسلام آباد ہائیکورٹ کے جسٹس میاں گل حسن اورنگزیب نے 3 فروری 2020ء کو برطرفی کا فیصلہ کالعدم قرار دے کر چیئرپرسن اور ارکان کی بحالی کا حکم دیا تھا۔