اسلام آباد: وفاقی وزیر اسد عمر نے کا کہنا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم کے قومی ضرورت کے منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا۔
وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدمات اسد عمر کی زیرِ صدارت دیامر بھاشا ڈیم سے متعلق جائزہ اجلاس اسلام آباد میں منعقد ہوا۔
اجلاس میں وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان اور وزیرِ اعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ نے وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔
اجلاس کے شرکاء کو منصوبے کی زمین کے حصول کے علاوہ تعمیراتی ٹھیکوں کے حوالے سے کیے جانے والے کاموں سے متعلق بریفنگ دی گئی۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کام کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت کی۔
واپڈا کے حکام نے شرکاء کو زمین کی خریداری، آباد کاری اور دیگر پہلووں سے متعلق تفصیلی بریفنگ دی۔
شرکاء کو بتایا گیا کہ یہ منصوبہ 6 بڑے حصوں میں منقسم ہے اور ہر حصے کے لیے علیحدہ علیحدہ ٹھیکے مشاورت کے بعد دیے جائیں گے۔
شرکاء نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے قومی ضرورت کے منصوبے کو مقررہ وقت میں مکمل کیا جائے گا اور تمام اسٹیک ہولڈرز اس سلسلے میں واپڈا کو ضروری اعانت فراہم کریں گے۔
وزارت منصوبہ بندی، توانائی اور واپڈا کے اعلٰی حکام بھی اس اجلاس میں شریک ہوئے۔