اثاثہ جات کیس: خورشید شاہ اور بیٹے کی درخواست ضمانت مسترد

218

سکھر(آن لائن)سندھ ہائیکورٹ نے رکن قومی اسمبلی خورشید شاہ اور ان بیٹے فرخ شاہ کی درخواست ضمانت مسترد کر دیں،جب کہ خورشید شاہ کی دو بیگمات اور بیٹے زیرک شاہ کی درخواست ضمانت منظور کر لی گئیں۔دائر درخواست ضما نت پر سماعت سندھ ہائی کورٹ سکھربینچ نے کی۔درخواست ضمانت مسترد ہونے پر خورشید شاہ کے وکلا نے سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کر لیا۔نیب کی جانب سے دائر ریفرنس میں سید خورشید شاہ کی بیگمات ناز بی بی اور طلعت بی بی ،بیٹے (رکن صوبائی اسمبلی) فرخ شاہ، زیرک شاہ، بھتیجے صوبائی وزیر اویس شاہ کا نام بھی ریفرنس میں شامل کیا گیا تھا۔ ریفرنس میں خورشید شاہ کے بھتیجے جنید قادر شاہ اور دوست نثار پٹھان، انکے بیٹے زوہیب میر، ثاقب رضا اور محمد شعیب پٹھان ، رحیم بخش اعوان ان کے بیٹے محمد ثاقب اعوان ،خورشید شاہ دوست ٹھیکیدار اکرم خان کا نام بھی شامل تھا۔نیب ریفرنس میں خورشید شاہ کی 6 سوایکڑ زرعی زمین، پلاٹس، بنگلے اور بینک بیلنس بھی ظاہر کیا گیا تھا۔یاد رہے کہ سندھ ہائی کورٹ سکھر بینچ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ملزمان کی جانب سے دائر درخواستوں پر 14 اپریل کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔