ملکی گندم افغانستان،بھارت اور ایران اسمگل ہوتی ہے،وجیہ الدین

133

کراچی(اسٹاف رپورٹر)عام لوگ اتحاد کے چیئرمین جسٹس (ر) وجیہ الدین نے کہا کہ پاکستان کی سیاسی فضا دیکھیں تو بار بار یہ سوال اٹھتا ہے کہ کیا ہمارے یہاں ملک دوستوں کی حکومتیں رہی ہیں۔ کیا حکمرانوں کے لیے ملکی مفادات کی فوقیت ہے۔ کسے معلوم نہیں کہ ملکی گندم کا ایک خطیر حصہ افغانستان، بھارت اور ایران اسمگل ہوتا ہے۔ اس مرتبہ شمالی علاقہ جات بشمول پنجاب میں بارشوں کے سبب گندم کی کھڑی فصلوں کو بہت نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں تو فصل کٹائی کی تکنیک میں ہیلی کاپٹرز کو بھی شامل کرلیا ہے اور جیسے ہی فصلیں خصوصاً گندم کی فصل پک کر تیار ہوتی ہے، ہیلی کاپٹرز بھیج کر فصلیں فوراً کاٹ لی جاتی ہیں کہ اگر بے وقت بارش ہو بھی جائے تو کوئی فرق نہ پڑے تاہم ہمارے یہاں ایسا کوئی مکینزم نہیں۔ گندم کی فصلوں کو نقصان سے غذائی مسائل جنم لے سکتے ہیں۔ اس صورتحال میں وسائل کمزور پڑ جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کے بقول G20 ممالک نے کورونا کے سبب قرضوں کی ادائیگی کے سلسلے میں اس سال 12 ارب ڈالر کا ریلیف دیا ہے۔ موجودہ حکومت کو ہوش کے ناخن لینے چاہییں۔ ایک طرف مالی مشکلات تو دوسری طرف کورونا کی تباہ کاریاں ہیں۔ اگر یہی حرکات رہیں تو مجھے خود جمہوریت خطرے میں نظر آرہی ہے۔