اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے ترجمان سینیٹر مصطفی نواز کھوکھر نے کہا ہے کہ عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں کم ہوگئیں مگر پاکستان میں مہنگا پیٹرول فروخت ہورہا ہے، عوام کو اس کا فائدہ نہیں ہونے دیا جارہا، عالمی نرخوں میں کمی کے بعد عمران خان فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کو پاکستان میں سستا کریں۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہاکہ لاک ڈاؤن میں عوام کی معاشی پریشانی کی باتیں کرنے والے عمران خان مہنگا پیٹرول بیچ کر عوام کی معاشی پریشانی میں اضافہ کررہے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ایک جانب عوام کا معاشی قتل کرتے ہوئے مہنگا پیٹرول بیچنا اور دوسری جانب ریلیف کی باتیں حکومت کا دہرا پن ہے، پیٹرول سستا نہ کرکے عمران خان عام آدمی کو ریلیف دینے کے بجائے امیروں کی تجوریاں بھررہے ہیں، پیٹرولیم قیمتوں میں فوری کمی لائی جائے ۔