راولپنڈی: وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے کہ وزیراعظم سے کہا ہے تمام میڈیا اور سیاستدانوں سے دوستی کرلیں۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ریلوے کے مزدوروں نے 5 کروڑ سے زیادہ عطیہ کیا ہے، سب لوگوں کو عمران خان کے فنڈ میں دل کھول کرعطیہ دینا چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے کہا ہے تمام میڈیا اور سیاستدانوں سے دوستی کرلیں، شہبازشریف قومی حکومت کا خواب لے کر واپس آئے تھے، تمام سیاسی مخالفین کو موجودہ حالات میں صلح کرلینی چاہیے،کوئی سیاست نہیں دیکھ رہا، ہمیں ملک بچانا ہے، راجا بازارمیں سینما توڑ کر اسپتال میں شامل کر رہے ہیں۔
شیخ رشید نے کہا کہ کورونا بڑھ رہا ہے، ہمیں عوام کو بچانا ہے، راولپنڈی میں کورونا کے 196 متاثرہ مریض ہیں، 6 مریض یورالوجی اور 6 ریلوے اسپتال میں وینٹیلیٹر پر ہیں، کسی بھی جگہ ضرورت ہوئی تو موبائل اسپتال کھڑا کردیں گے، ضرورت پڑی تو تمام پرائیویٹ اسپتالوں کو اپنے کنٹرول میں لے لینگے۔
وزیر ریلوے نے مزید کہا کہ وزیر اعلی سندھ مراد علی شاہ کو کہا ہے کہ گرفتار لوگوں کو چھوڑ دیں جبکہ 5 تاریخ سے ٹرین چلا رہے ہیں۔