سکھر (نمائندہ جسارت) کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے کورونا وائرس کے مشکوک مریضوں کی بروقت سیمپلنگ، ریفرنگ اور رپورٹنگ نظام کو منظم بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ اضلاع میں قائم ڈسٹرکٹ پولیو کنٹرول رومز کی کارکردگی اطمینان بخش نہیں ہے، جس کو فعال بنانا ہوگا تاکہ اس پلیٹ فارم کے توسط سے کورونا وائرس کی سرویلنس اور مانیٹرنگ کو بہتر بنایا جاسکے، اب کیسوں کی رپورٹنگ میں تاخیر قابل قبول نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر آفس کے کانفرنس ہال میں سکھر ڈویژن میں کورونا وائرس کی صورتحال اور تینوں اضلاع میں کیے جانے والے انتظامات کے سلسلے میں منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر ون، خیرپور، سکھر اور گھوٹکی کے ڈپٹی کمشنرز، ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز، ایم ایس، ڈائریکٹر گمس، پی پی ایچ آئی، آئی ایچ ایس سمیت دیگر متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں سکھر ٹاسک فورس کے کوآرڈینیٹر نے کورونا وائرس انتظام اور گائیڈ لائن کے متعلق بریفنگ دی۔ کمشنر سکھر ڈویژن شفیق احمد مہیسر نے کورونا وائرس کے مشتبہ اور مثبت مریضوں کی اطلاع میں تاخیری رپورٹنگ پر سخت برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ سکھر کے ٹکر محلہ میں کورونا وائرس کے سبب فوت ہوجانے والے شخص کے خاندان کے تمام افراد اور اہل محلہ کے ٹیسٹوں کے لیے فوری طور پر نمونے لیے جائیں اور علاقے میں اسپرے کرایا جائے۔ کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ خیرپور، گھوٹکی اور سکھرکے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز ماہرین کی ٹیمیں تشکیل دیں اور کورونا کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لیے مضبوط طریقہ کار بنایا جائے جبکہ تعلقہ اور یوسی، رورل ہیلتھ سینٹر اور بی ایچ یوز سطح پر مانیٹرنگ نظام مضبوط کیا جائے۔ کمشنر سکھر نے ہدایت کی کہ کورونا وائرس کے مشتبہ مریضوں کی بروقت نمونے حاصل کرنے، ریفر کرنے اور رپورٹنگ نظام کو موثر کیا جائے اور ایسی اطلاع میں تاخیر نہ کی جائے تاکہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو روکا جاسکے، جس کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے اجلاس کے دوران پی پی ایچ آئی اور آئی ایچ ایس کے افسران کو ہدایت کہ ہر ضلع میں فوکل پرسن مقرر کرکے متعلقہ آر ایچ سیز اور بی ایچ یوز سے روزانہ کی بنیاد پر معلومات لے کر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو دی جائے۔ اسی طرح ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کی نگرانی میں ڈسٹرکٹ سرویلنس کوآرڈینیٹر سرکاری اور غیر سرکاری پرائیویٹ اسپتالوں اور ایل ایچ ویز سے روزانہ کی بنیاد پر معلومات حاصل کرکے ڈیش بورڈ پر اپ لوڈ کی جائے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تربیت یافتہ ڈاکٹرز اور عملے کو ہر حال میں نمونے لینے ہیں، اس سلسلے میں کوتاہی قابل قبول نہیں ہے۔ کمشنر سکھر ڈویژن نے تینوں اضلاع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کو کورونا وائرس کے حوالے سے فوکل پرسن مقرر کرتے ہوئے کہا کہ کورونا کے مریضوں اور انتظامات کے حوالے سے معلومات کی فراہمی کے ذمے دار ہوں گے، اسی طرح صحت پر کام کرنے والے تمام ادارے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسرز کے ماتحت کام کریں گے۔ اس سلسلے میں تمام اسٹیک ہولڈرز رابطے کو مزید فعال اور مضبوط بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع، تعلقہ اور یوسیز سطح پر ریپڈ رسپانس ٹیموں کو فعال کیا جائے، معلومات کو یکجا کرنے کے لیے طریقہ کار پر عمل کیا جائے اور عوام میں آگاہی کی فراہمی کے لیے اقدامات تیز کیے جائیں۔