کورونا وبا پر سیاسی جماعتیں مشترکہ حکمت عملی بنائیں‘ اسد قیصر

189
اسلام آباد: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کی زیرصدارت پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ہورہا ہے

اسلام آباد (اے پی پی) اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کورونا وائرس سے لڑنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے مابین وسیع البنیاد حکمت عملی کے لیے مل کر کام کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پارلیمانی نمائندے اپنے اپنے حلقوں میں اس بیماری کے بارے میں شعور اجاگر کر یں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو پارلیمنٹ ہاؤس میں کورونا وائرس سے متعلق پارلیمانی کمیٹی کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے اس مقصد کے لیے سینیٹر شبلی فراز کی سربراہی میں ایک ذیلی کمیٹی تشکیل دی جو پارلیمانی کمیٹی کی سفارشات پر عمل درآمد کا جائزہ لے گی۔ وزیر صحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد، وزیراعلیٰ گلگت بلتستان حافظ حفیظ الرحمن، وزیر صحت خیبر پختونخواتیمور جھگڑا ،جموں کشمیر کے وزیر صحت، بلوچستان کی نمائندے، وزیر صحت سندھ کے نمائندے ، وزیر اعظم کے خصوصی معاونین برائے صحت ڈاکٹر ظفر مرزا اور ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کیا۔ ن لیگ کے رہنما خواجہ محمد آصف نے کہا کہ بیک وقت ملک کو صحت اور معاشی چیلنجوں کا سامنا ہے لہٰذا دونوں چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے ایک واضح پالیسی بنائی جائے۔ پیپلز پارٹی کے رہنما راجا پرویز اشرف نے واضح لاک ڈاؤن پالیسی کی ضرورت پر زور دیا۔ مولانا عبدالغفور حیدری نے پنجاب میں تبلیغی جماعت کے ممبران کو درپیش مشکلات کا ذکر کیا اور ان کے فوری تدارک کے لیے اقدامات پر زور دیا ۔