شہباز شریف کورونا کے نام پر ڈرامے بازی کر رہے ہیں، فیاض چوہان

137

لاہور (اے پی پی) وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے نیب میں شہباز شریف کی حاضری سے استثنا کی درخواست پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہباز شریف لندن سے پاکستانی عوام کے شانہ بشانہ کرونا کے خلاف جنگ لڑنے کی بڑھکیں مار کر پاکستان آئے تھے، اب شہباز شریف کہتے ہیں میں 69 سالہ کینسر کا مریض ہوں اور مجھے کورونا ہونے کا خدشہ ہے۔ شہباز شریف جب سے ملک واپس آئے ہیں کورونا کے نام پر ڈرامے بازی کر رہے ہیں، کبھی وہ لیپ ٹاپ لیڈر بن جاتے ہیں اور کبھی ڈاکٹروں اور صحافیوں کو ایک صابن، ایک ہینڈ سینیٹائزر اور ماسک کی شکل میں مضحکہ خیز حفاظتی کٹس دے رہے ہوتے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان نے مزید کہا کہ ریاستی اداروں کی جانب سے تحقیقات پر احتساب سے بچنے کیلیے شہباز شریف کورونا وائرس کا بہانہ کر کے پتلی گلی سے بھاگ رہے ہیں۔ ریاستی ادارے شہباز شریف کی منی لانڈرنگ، اقربا پروری اور ٹی ٹی پر مبنی ڈاکوں کا حساب کتاب مانگ رہے ہیں اور شہباز شریف کو اپنی کرپشن اور بد دیانتی کا ہر حال میں حساب دینا ہوگا۔