کورونا انتظامات سے متعلق شکوہ، یاسمین راشد جائزہ لینے ملتان جائیںگی

121

لاہور (نمائندہ جسارت) وزیر خارجہ شاہ محمود کے شکوہ کرنے پر صوبہ پنجاب کی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کورونا وائرس کے حوالے سے انتظامات کا جائزہ لینے خود ملتان جائیں گی۔ وزیر خارجہ نے محکمہ صحت پنجاب کی کارکردگی پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے وزیر صحت سے ملتان کو امداد نہ ملنے کا شکوہ کیا تھا، وزیرخارجہ کا میڈیا سے گفتگو میں کہنا تھا کہ ہیلتھ سیکرٹری پنجاب کی جانب سے ملتان میں امداد نہیں ملی، اس معاملے پر صوبائی وزیر اور سیکرٹری ہیلتھ پنجاب سے درخواست کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی اسد عمر سے گزارش کی تھی اور میں شکرگزار ہوں کہ انہوں نے فورا اس معاملے کا نوٹس لیا۔ شاہ محمود کا کہنا ہے کہ ملتان میں پنجاب کا سب سے بڑا قرنطینہ بنایا گیا اور تفتان سے آنے والے افراد کو اِس میں رکھا گیا۔ شاہ محمود کی گفتگو کے حوالے سے وزیرصحت پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہا ہے کہ شاہ محمود قریشی کے گلہ کرنے پر جائزہ لینے ملتان جا رہی ہوں اور وہاں کے اسپتالوں کی رپورٹ لے کر شاہ محمود کو آگاہ کروں گی۔ وزیراعلی اور سیکرٹری صحت 2 بار ملتان کا دورہ کرچکے ہیں جبکہ ملتان کے اسپتالوں میں حفاظتی کٹس اور دوسری چیزیں فراہم کی گئی ۔