لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) معروف صحافی ہارون الرشید کا کہنا ہے کہ خواجہ سعد رفیق کی چودھری برادران سے ملاقات سیاسی نوعیت کی تھی۔ملاقات میں طے پایا کہ شہباز شریف وزیراعظم ہوں گے اور پرویز الٰہی وزیراعلی پنجاب ہونگے۔ہارون رشید کا کہنا تھا کہ پرویز الٰہی اور چودھری شجاعت کو میں جانتا ہوں وہ شریف خاندان پر اعتماد نہیں کرتے۔جب شریف خاندان کا ذکر ہوتا ہے تو ایک ہی بات کرتے ہیں کہ یہ وعدہ شکن لوگ ہیں۔ منحرف لوگ ہیں۔اگر چودھری برادران نے دوبارہ شریف خاندان پر
بھروسہ کیا تو وہ بالکل ویسی ہی غلطی کریں گے جیسے چودھری پرویز الٰہی نے ڈپٹی پرائم منسٹر بن کر کی۔انہوں نے مزید کہا کہ جہانگیر ترین انتہائی سلجھا ہوا سمجھدار شخص ہے۔اس کی عمران خان سے صلح ہو سکتی ہے یہ کام مشکل ہے لیکن ناممکن نہیں۔قبل ازیں تجزیہ کار ہارون الرشید نے دعویٰ کیا تھا کہ رہنما تحریک انصاف جہانگیر ترین اور سابق وزیراعلیٰ شہبا زشریف کے درمیان رابطہ ہوا ہے۔ہارون رشید کا کہنا ہے کہ رابطے تو ہو رہے ہیں تاہم جہانگیر ترین اپنا کاروبار بچائیں گے، جبکہ شہزاد ارباب تو بحال ہو گئے ہیں۔ تجزیہ کار کا کہنا ہے کہ حکومت کو گرانا صرف ایک صورت میں ہی ممکن ہے جب لوگ حکومت سے تنگ آ جائیں۔ اس وقت حکومت لوگوں کو ریلیف دے رہی ہے جس کے بعد لوگ حکومت گرانے کا وقت مارچ کے بجائے اگست کی تاریخ دے رہے ہیں۔