کورونا پھیلائو کو موثر آگاہی مہم کے ذریعے ہی روکا جا سکتا ہے،اسد عمر

93

اسلام آباد(نمائندہ جسارت )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات اسد عمر کی زیر صدارت اتوار کو نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر میں اعلیٰ سطحی اجلاس منعقد ہوا۔این سی او سی حکام کے مطابق اجلاس میں کورونا وائرس کے عدم پھیلاؤ کے لیے سماجی فاصلے اور طے شدہ گائیڈ لائنز پرموثرعمل درآمد، مقامی طور پر تیار ہونے والے طبی آلات کی استعداد کار سمیت دیگر امور پر غور کیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر منصوبہ بندی اسدعمر نے کہا کہ کورونا وائرس کے پھیلائو کو موثر عوامی آگاہی مہم کے ذریعے ہی روکا جا سکتا ہے، سماجی فاصلہ اور ایس او پی پر عمل درآمد ہی اس وبا کی روک تھام میں موثر کردار کرسکتا ہے۔ انہوں نے تجویز دی کی مقامی سطح پر تیار کی جانے والے میڈیکل آلات کی استعداد بڑھانے کے لئے بین الوزارتی گروپ تشکیل دیا جائے جس میں وزارت صنعت و پیداوار کو بھی شامل کیا جائے۔ وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ وزارت اطلاعات و نشریات، آئی ایس پی آر اور وزارت صحت ملکر قرنطینہ مراکز کے حوالے سے نئی گائیڈ لائینز کو عوامی رویوں کے مطابق بنانے کے لیے اپنا اپنا کردار ادا کریں، نئی گائیڈ لائن میں ایسی کوئی چیز شامل نہ ہو جسے عوامی رویئے تسلیم کرنے سے گریزاں ہوں۔