لاہور (آئی این پی) مسلم لیگ ( ن) کے صدر میاں شہباز شریف نے کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مدد پر امریکی سفیر پال ڈبلیو جونزکو جوابی خط لکھتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان دو طرفہ تعلقات اور روابط کہیں گہرے اور مضبوط ہیں جتنے بظاہر دکھائی دیتے ہیں‘ کورونا کسی سرحد کو نہیں پہچانتا۔خط میں شہباز شریف کی طرف سے امریکی امداد کا شکریہ ادا کیا ہے۔ مسلم لیگ (ن)کے صدر نے کہا کہ تمام خطے کورونا کی سفاکی اور تباہی کا نشانہ بنے ہوئے ہیں‘ اجتماعی طور پر کورونا کے عفریت کے خلاف جدوجہد نہ کی گئی تو اس کے نتائج بھگتنا ہوں گے‘صورتحال کا تقاضا ہے کہ امریکا کورونا وائرس کے خلاف جنگ میں قائدانہ کردار ادا کرے‘ کورونا سے امریکا میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی دکھ اور افسوس ہے‘ امید ہے کہ امریکی عوام جلد موجودہ صورتحال پر قابو پالے گی۔